خُدا کی حکمت

سلیمان اور دو مائی

یہ ڈاؤن لوڈ Vimeo سے ہے۔ ویڈیو کے نیچے 'ڈاؤن لوڈ' پر کلک کریں، پھر اپنی مطلوبہ ریزولوشن منتخب کریں۔


کتابی حوالہ: 1 سلاطین 3

ویڈیو کا خلاصہ:

خُدا نے بادشاہ سلیمان کو موقع دیا کہ وہ جو چاہے مانگ لے۔ سلیمان دولت یا عزت مانگ سکتا تھا، لیکن اُس نے اُس حکمت کو مانگا جو خُدا سے آتی ہے — ایسی حکمت جو اُسے بادشاہی سنبھالنے اور درست فیصلے کرنے میں مدد دے۔

سلیمان کے حکمت مانگنے کے کچھ ہی عرصے بعد، دو عورتیں اُس کے پاس ایک مشکل مسئلے کے حل کے لیے آئیں۔ دونوں عورتیں شیر خوار بچوں کی ماں تھیں، لیکن اُن میں سے ایک کا بچہ صرف تین دن کی عمر میں فوت ہو گیا تھا۔ اب دونوں عورتیں زندہ بچے کو اپنا قرار دے رہی تھیں۔ یہ سلیمان کے لیے ایک ناممکن سا معاملہ تھا! اُسے یہ معاملہ حل کرنا تھا کہ اصل ماں کون ہے۔

سلیمان نے یہ تجویز دی کہ بچے کو دو حصوں میں کاٹ دیا جائے تاکہ دونوں ماؤں کو آدھا آدھا بچہ ملے۔ ظاہر ہے، یہ سن کر سب کو یہ بات عجیب اور خوفناک لگی! لیکن چونکہ سلیمان کو خُدا کی طرف سے حکمت دی گئی تھی، وہ جانتا تھا کہ اُسے یہ خوفناک قدم اُٹھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

جس عورت نے بچہ چرایا تھا، وہ خودغرض تھی اور سلیمان کی تجویز پر رضامند ہو گئی۔ لیکن اصل ماں، جو اپنے بچے کو بچانے کے لیے بے چین تھی، اُس نے فوراً بچے کو چھوڑنے کی پیشکش کی تاکہ اُس کی جان بچ جائے۔ اسی قربانی سے سلیمان جان گیا کہ اصلی ماں کون ہے۔

 سلیمان اپنی دانشمندی میں جانتا تھا کہ اصل ماں اپنے بچے کی حفاظت کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے۔ سلیمان کی عظیم حکمت نے بچے کی جان بچائی، اور اُس نے لڑکے کو اُس کی اصل ماں کے حوالے کر دیا۔

ویڈیو کے بارے میں:

شہلا ایک گاہک کو بتاتی ہے کہ کس طرح بادشاہ سلیمان حکمت والا بنا اور اُس نے اپنی دانائی کو خُدا کے جلال کے لیے استعمال کیا۔ وہ یہ کہانی بھی سناتی ہے کہ جب دو عورتوں نے ایک ہی بچے کو اپنا قرار دیا، تو خُدا نے سلیمان کو حکمت عطا کی تاکہ وہ سچ کا فیصلہ کر سکے۔

سلیمان بادشاہ داؤد کا بیٹا تھا۔ داؤد خدا کا وفادار تھا اور اس کے قوانین پر چلتا تھا۔ اگرچہ داؤد ہمیشہ درست کام نہیں کرتا تھا، لیکن جب اس سے غلطی ہو جاتی تو وہ فروتنی کے ساتھ معافی مانگتا تھا۔ داؤد اسرائیل کا سب سے بہترین اور نہایت وفادار بادشاہ کہلاتا تھا۔

سلیمان بھی وفادار رہنا چاہتا تھا اور خُدا کے احکام پر چلنا چاہتا تھا۔ اُس نے داؤد سے سیکھا تھا کہ بادشاہ ہونا اور خُدا کی پیروی کرنا ایک مشکل کام ہے، اور سلیمان جانتا تھا کہ اُسے اس کے لیے حکمت کی ضرورت ہے۔

خُدا نے سلیمان کو حکمت عطا کی، لیکن سلیمان کو خود خُدا کے ساتھ وفادار رہنے کا انتخاب کرنا تھا۔ جب خُدا نے سلیمان سے حکمت، دولت، اور عزت کا وعدہ کیا، تو اُس نے فرمایا:
"اور اگر تُو میری فرمانبرداری میں چلے اور میرے آئین اور احکام کو مانے، جیسے تیرے باپ داؤد نے کیا، تو میں تجھے لمبی عمر عطا کروں گا۔"
(1 سلاطین 3:14)

سوچنے کے لیے سوالات:

سلیمان نے خُدا سے حکمت کیوں مانگی؟

سلیمان نے اپنی حکمت کا استعمال کیسے کیا تاکہ وہ اصل ماں کا پتا لگا سکے؟

آپ کے خیال میں اصل ماں نے کیسا محسوس کیا ہوگا جب سلیمان نے بچے کو دو حصوں میں کاٹنے کی تجویز دی؟

اگر آپ خُدا سے کچھ بھی مانگ سکتے، تو آپ کیا مانگتے؟ اور کیوں؟